فائر سیفٹی قوانین پر عملدرآمد لازمی: اوکاڑہ میں سول ڈیفنس کی جانب سے فیکٹری ملازمین کی تربیت

اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) سول ڈیفنس آفیسر عدنان قیصر کی زیر نگرانی نجی رائس مل میں ایک اہم آگاہی ٹریننگ ورکشاپ اور عملی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر رائس مل کے 20 سے زائد ملازمین اور اسٹاف ممبران کو ممکنہ ہنگامی صورتحال، آتشزدگی سے بچاؤ، حفاظتی تدابیر اور آگ بجھانے والے آلات کے صحیح استعمال کے حوالے سے تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔ سول ڈیفنس کی ٹیم نے فیکٹری و مل ملازمین کو ہنگامی اخراج، ابتدائی طبی امداد اور آگ کے ابتدائی درجے پر قابو پانے کے تکنیکی طریقوں کی عملی مشقیں کروائیں۔

سول ڈیفنس آفیسر عدنان قیصر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی یونٹوں اور رائس ملز میں آگ لگنے کے واقعات کے پیش نظر ملازمین کی بروقت تربیت انتہائی ضروری ہے۔ محکمہ سول ڈیفنس کا بنیادی مقصد ہنگامی حالات میں قیمتی انسانی جانوں اور مالی اثاثوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نجی رائس مل میں 20 ملازمین کی تربیت اسی سلسلے کی اہم کڑی ہے تاکہ ناگہانی آفت کی صورت میں فیکٹری کا اپنا عملہ ابتدائی ردِعمل کے طور پر فوری کنٹرول حاصل کر سکے۔ عدنان قیصر نے ضلع بھر کے تمام صنعتی یونٹس، رائس ملز اور کمرشل پلازوں کی انتظامیہ کو فائر سیفٹی قوانین پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے