رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار لیاقت علی چوہدری) رینالہ خورد میں تحصیل بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ایک اہم سیمینار منعقد ہوا، جس میں پنجاب کے صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر اراکینِ صوبائی اسمبلی، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید، ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی، صدر بار رائے محمد اقبال خان، سینئر وکلا اور بار کے دیگر ممبران بھی شریک ہوئے۔
صدر بار رائے محمد اقبال خان نے وکلا برادری کو درپیش مسائل اور بار کے مطالبات تفصیل سے پیش کیے۔ ان مطالبات پر صوبائی وزیر قانون نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وکلا انصاف، بنیادی حقوق اور جمہوریت کے علمبردار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی بالادستی ایک مضبوط معاشرے کی ضمانت ہے اور اس مقصد کے لیے وکلا، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو باہمی تعاون کو فروغ دینا ہوگا تاکہ انصاف کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
تقریب کے اختتام پر بار ایسوسی ایشن کی جانب سے صوبائی وزیر قانون کو اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔ اس موقع پر ملکی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی، جس میں شرکاء نے بھرپور شرکت کی۔