رینالہ خورد: ڈاکوؤں اور سی سی ڈی پولیس میں مبینہ مقابلہ، 3 ڈاکو ہلاک، ساتھی فرار

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار لیاقت علی چوہدری) رینالہ خورد میں ڈاکوؤں اور سی سی ڈی پولیس کے درمیان ہونے والے مبینہ مقابلے میں تین ڈاکو ہلاک ہو گئے، جبکہ ان کے دیگر ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب 11 نامعلوم مسلح ڈاکو تھانہ صدر رینالہ خورد کی حدود میں واقع چک نمبر 10 ون ایل کے رہائشی عبدالرزاق کے گھر میں داخل ہوئے۔ ڈاکوؤں نے اہل خانہ کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا لیا اور گھر سے لاکھوں روپے مالیت کے ڈھائی تولے طلائی زیورات، 10 تولے نقرئی زیورات اور دیگر قیمتی گھریلو اشیا بشمول کپڑے وغیرہ لوٹ کر فرار ہو گئے۔

ڈکیتی کی اطلاع ملتے ہی سی سی ڈی اور تھانہ صدر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کا تعاقب شروع کیا۔ اسی دوران چک نمبر 12 ون ایل کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کا آمنا سامنا ہو گیا۔ پولیس کو دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے اس تبادلے میں تین نامعلوم ڈاکو مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی گولیاں لگنے سے موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جبکہ ان کے باقی ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس نے ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، لوٹا ہوا مال مسروقہ اور دیگر سامان برآمد کر لیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزمان متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث تھے، جن کی شناخت کا عمل اور قانونی کارروائی جاری ہے۔ تھانہ صدر رینالہ خورد پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے مفرور ڈاکوؤں کی تلاش تیز کر دی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے