امریکہ ایران معاہدے کے قریب بیروت پر اسرائیلی حملہ، 2 افراد جاں بحق، خطے میں الرٹ ہائی

بیروت (کیو این این ورلڈ) اسرائیل نے ایران اور امریکہ کے درمیان ممکنہ امن معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کے تحت لبنان کے دارالحکومت بیروت پر شدید میزائل حملے کیے ہیں، جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے ہیں۔

لبنانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے بیروت کے جنوبی علاقے میں واقع ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا۔ اس فضائی حملے کے نتیجے میں عمارت کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ دو افراد موقع پر ہی جاں بحق اور چار دیگر شدید زخمی ہو گئے۔

دوسری جانب اسرائیلی میڈیا نے بھی اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اسرائیل کے دو جنگی طیاروں نے بیروت کے جنوبی حصے پر چار گائیڈڈ میزائل داغے۔ اس حملے کے بعد لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کی طرف سے ممکنہ جوابی کارروائی کے پیش نظر اسرائیل نے اپنے تمام علاقوں میں سیکیورٹی الرٹ ہائی کر دیا ہے۔

یہ تازہ اسرائیلی جارحیت ایک ایسے حساس وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکہ اور ایران خطے میں جنگ کے خاتمے سے متعلق ایک اہم امن معاہدے پر دستخط کرنے کے انتہائی قریب پہنچ چکے ہیں۔

ایرانی حکام کا اس صورتحال پر کہنا ہے کہ موجودہ مرحلے میں ان کی اولین ترجیح تمام محاذوں پر فوری طور پر جنگ کا خاتمہ یقینی بنانا ہے، اور اس امن عمل میں لبنان کی صورتحال بھی شامل ہے، تاہم اسرائیل ان کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے مسلسل حملے کر رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے