اسلام آباد: (کیو این این ورلڈ)وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ حکومت آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کرے گی، کیونکہ حکومت نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہِ راست عوام تک پہنچایا جائے گا۔
قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آج دنیا بھر میں پاکستان کا نام عزت و وقار کے ساتھ لیا جا رہا ہے اور ہر خطے میں ملک کی ساکھ اور وقار میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ شام ان کی ایران کے صدر سے گفتگو ہوئی، جنہوں نے پاکستان کے کردار اور تعاون پر بار بار شکریہ ادا کیا اور پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ تقریباً تین ماہ قبل جنگ کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا تھا، تاہم جنگ بندی کے بعد خام تیل کی قیمتیں تیزی سے نیچے آ رہی ہیں اور مستقبل میں مزید کمی کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کے قیام سے معاشی سرگرمیوں اور خوشحالی کو فروغ ملے گا جبکہ تیل کی قیمتوں میں کمی سے عوام کو بھی ریلیف ملے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے محدود وسائل کے باوجود حکومت نے عوامی مفاد کو ترجیح دی اور آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے اہم اعلان کیا جائے گا، جس سے عوام کو خاطر خواہ ریلیف ملے گا۔
انہوں نے قومی وحدت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی اور ریاستی اداروں نے ملک کے مفاد میں مشترکہ کردار ادا کیا۔ وزیراعظم نے نائب وزیراعظم، وزیر داخلہ محسن نقوی اور قائد حزب اختلاف سمیت تمام متعلقہ شخصیات کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کامیابی میں سب سے اہم کردار سید عاصم منیر نے ادا کیا، جبکہ حکومت کا مقصد کریڈٹ لینا نہیں بلکہ قوم کا وقار بلند کرنا تھا۔
شہباز شریف نے مزید بتایا کہ 3 اور 4 جولائی کو ایران میں سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی، جن میں شرکت کے لیے پاکستان کو دعوت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا وفد اس تقریب میں شریک ہوگا اور دونوں برادر ممالک مستقبل میں مزید قریبی تعاون کو فروغ دیں گے۔