اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) حلقہ این اے 136 میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں چک نمبر 14 فور ایل بھٹہ ملٹری فارم میں مکمل ہونے والے ایک اہم ترقیاتی منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا، جسے اہلِ علاقہ نے عوام سے کیے گئے وعدوں کی عملی تکمیل قرار دیا۔
افتتاحی تقریب میں عاشق حسین نے فیتہ کاٹ کر منصوبے کا افتتاح کیا، جبکہ تقریب کے مہمانِ خصوصی کرنل (ر) مظہر تیمور تھے۔ اس موقع پر واپڈا کوآرڈینیٹر ملک خالد یعقوب، شہزاد محمود نمبردار، عباس، کاشف قادری بھائی سمیت معززینِ علاقہ، سماجی شخصیات اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ حلقہ این اے 136 میں عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ چک نمبر 14 فور ایل میں اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف مقامی آبادی کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی بلکہ علاقے کی مجموعی ترقی اور خوشحالی میں بھی اہم پیش رفت ہوگی۔
شرکاء نے واپڈا کوآرڈینیٹر ملک خالد یعقوب کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے منصوبے کی تکمیل اور عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔ مقررین کے مطابق مسلسل محنت اور عوامی رابطے کے نتیجے میں یہ منصوبہ پایۂ تکمیل تک پہنچا، جس سے اہلِ علاقہ مستفید ہوں گے۔
اس موقع پر حلقہ این اے 136 کے رکن قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ ان کی دلچسپی، رہنمائی اور عملی تعاون سے یہ ترقیاتی منصوبہ مکمل ہوا، جو عوامی خدمت کے عزم کا عملی اظہار ہے۔
تقریب کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حلقے میں عوامی فلاح کے مزید منصوبوں پر بھی اسی جذبے کے ساتھ کام جاری رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور علاقے کی مزید تعمیر و ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔