میہڑ: دو افسوسناک واقعات، خاتون قتل، نوجوان نے زندگی کا خاتمہ کر لیا

میہڑ ( کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار مںظور علی جوئیہ) میہڑ اور اس کے گردونواح میں دو مختلف افسوس ناک واقعات میں ایک خاتون قتل جبکہ ایک نوجوان نے زہریلی دوا کھا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا ہے۔

پہلے واقعے میں اے سیکشن تھانے کی حدود کے گاؤں لونگ مہیسر میں گھریلو ناچاقی پر ملزم شاہزیب عرف بیبو مہیسر نے اپنی نوجوان بیوی بسمہ مہیسر کو گلا دبا کر قتل کر دیا۔ قتل ہونے والی خاتون دو بچوں کی ماں تھی۔

اطلاع ملنے پر میہڑ اے سیکشن تھانہ اور پولیس پوسٹ قاضی عارف کے انچارج کی سربراہی میں پولیس موقع پر پہنچی۔ پولیس نے لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کیا۔ ڈاکٹروں نے مقتولہ بسمہ مہیسر کا پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی، آخری اطلاع تک واقعے کا مقدمہ اے سیکشن تھانے میں درج نہیں ہو سکا تھا۔

دوسرے واقعے میں میہڑ کے قریب گاؤں واری کے رہائشی 25 سالہ نوجوان عرفان ولد الیاس ملاح نے گھریلو پریشانیوں کی وجہ سے زہریلی دوا کھا کر خودکشی کی کوشش کی۔ ورثاء نے نوجوان کو بے ہوشی کی حالت میں تحصیل ہسپتال میہڑ پہنچایا۔ ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد مزید علاج کے لیے لاڑکانہ ہسپتال منتقل کر دیا۔

نوجوان زہر کا اثر برداشت نہ کر سکا اور لاڑکانہ جاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے