کندھ کوٹ میں جشنِ آزادی ریلی، طلبہ و اساتذہ کا پاکستان سے محبت کا بھرپور اظہار

کندھ کوٹ(کیو این این ورلڈ/وقاراحمد اعوان کی رپورٹ) جشنِ آزادی کے موقع پر پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام حرا پبلک اسکول سے شاندار ریلی نکالی گئی، جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی ڈسٹرکٹ پریس کلب کندھ کوٹ پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں مختلف نجی اسکولوں کے طلبہ، اساتذہ اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے فضا گونجتی رہی۔ طلبہ اور اساتذہ نے قومی جذبے اور حب الوطنی کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے وطنِ عزیز سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔

ڈسٹرکٹ پریس کلب پہنچنے پر مختلف تنظیموں کے رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہماری پہچان اور ہمارا فخر ہے، آزادی ہمارے بزرگوں کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے، اس کی قدر کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ مقررین نے کہا کہ ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

ریلی کے شرکاء نے قومی یکجہتی اور وطن سے والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے، اور قوم متحد ہوکر ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے۔ جشنِ آزادی کی اس ریلی نے شہر میں قومی جوش و جذبے کی فضا کو مزید اجاگر کردیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے