کندھ کوٹ(کیو این این ورلڈ/وقاراحمد اعوان کی رپورٹ) سندھ حکومت کی جانب سے خصوصی صلاحیتوں کے حامل بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے قائم ادارے آر سی ایم ایچ سی کندھ کوٹ کے زیرِ اہتمام جشنِ آزادی پاکستان کے سلسلے میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب ڈپٹی ڈائریکٹر آر سی ایم ایچ سی ریاض احمد کھوسو کی زیرِ صدارت منعقد ہوئی، جس میں ادارے کے خصوصی صلاحیتوں کے حامل بچوں، اساتذہ اور عملے نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران خصوصی بچوں نے وطن سے محبت اور جشنِ آزادی کے حوالے سے مختلف تقاریر، ملی نغمے اور رنگا رنگ پروگرام پیش کیے۔ بچوں نے اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے تقریب کو یادگار بنا دیا، جبکہ ان کی خوبصورت پیشکشوں کو شرکاء نے بھرپور سراہا اور بچوں کی حوصلہ افزائی کی۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ریاض احمد کھوسو نے کہا کہ خصوصی صلاحیتوں کے حامل بچوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، جنہیں اجاگر کرنا اور انہیں معاشرے میں مساوی مواقع فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان بچوں کو مناسب تعلیم، تربیت اور مواقع فراہم کرکے انہیں معاشرے کا فعال اور باصلاحیت فرد بنایا جاسکتا ہے۔
ریاض احمد کھوسو کا کہنا تھا کہ جشنِ آزادی ہمارے لیے قومی خوشی اور فخر کا دن ہے، جسے قومی جذبے، محبت، امن اور یکجہتی کے ساتھ منانا چاہیے۔ خصوصی بچوں کی جانب سے جشنِ آزادی کی تقریب میں بھرپور شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ وطن سے محبت کے جذبے میں وہ بھی کسی سے پیچھے نہیں۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، خوشحالی، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔