لنڈی کوتل: صحافیوں کی ذمہ دارانہ رپورٹنگ قابلِ تحسین ہے، عوامی مسائل پر آواز بلند کرتے رہیں گے: مراد حسین آفریدی

لنڈی کوتل(کیو این این ورلڈ/بیورورپورٹ) جماعت اسلامی لنڈی کوتل کے امیر مراد حسین آفریدی، مقامی امراء عرفان آفریدی اور ایاز آفریدی نے ڈسٹرکٹ پریس کلب لنڈی کوتل (رجسٹرڈ) کا دورہ کیا اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ لنڈی کوتل کے صحافیوں نے مشکل اور کٹھن حالات کے باوجود علاقے کے عوام کی آواز قلم کے ذریعے دنیا تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

مراد حسین آفریدی نے کہا کہ لنڈی کوتل پریس کلب کے صحافیوں نے ہمیشہ مثبت اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کو ترجیح دی ہے، جسے ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ صحافی محدود وسائل کے باوجود دن رات ایک کرکے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں اور عوامی مسائل کو اجاگر کر رہے ہیں، جس پر پریس کلب کے تمام ممبران خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔

انہوں نے مغوی تاجر محمد ظریف عرف حاجی لنڈائے شینواری کے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ مغوی کی بازیابی کے لیے جاری احتجاجی دھرنے میں بھی جماعت اسلامی شریک ہے جبکہ متعلقہ حکام کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ان کے مطابق مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور امید ہے کہ آج رات تک معاملہ کامیابی سے حل ہوجائے گا۔

جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اتار چڑھاؤ پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار تبدیلی عوام کے لیے ناقابلِ برداشت ہے اور یہ عمل عوام کی جیبوں پر مسلسل بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے عائد بھاری ٹیکسز کا بوجھ عام شہری کے ساتھ ساتھ طلبہ پر بھی پڑ رہا ہے، جو سراسر ظلم اور ناانصافی ہے۔ موجودہ مہنگائی کے دور میں عوام پہلے ہی شدید مشکلات کا شکار ہیں، اس لیے حکومت کو عوام پر مزید مالی بوجھ ڈالنے کے بجائے ریلیف فراہم کرنا چاہیے۔

مراد حسین آفریدی نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی کے زیرِ اہتمام 16 اگست کو گورنر ہاؤس کے سامنے احتجاج کیا جائے گا، جبکہ لاہور میں وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی اور دیگر ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ان احتجاجی مظاہروں میں شرکت کے لیے لنڈی کوتل سے بھی جماعت اسلامی کے قافلے روانہ ہوں گے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کریں اور ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف جماعت اسلامی کے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے