راولپنڈی: تیز بارش سے نالہ لئی میں طغیانی، پانی کی سطح بلند

راولپنڈی (کیو این این ورلڈ): راولپنڈی اور اسلام آباد میں تیز بارش کے باعث نالہ لئی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ اور واسا نے ہنگامی اقدامات شروع کرتے ہوئے نالہ لئی اور نشیبی علاقوں کی نگرانی مزید سخت کردی ہے۔

محکمہ واسا کے مطابق گولڑہ میں 60 ملی میٹر، بوکرہ میں 31، شمس آباد میں 25، پیرودھائی میں 25، نیو کٹاریاں میں 21 جبکہ گوالمنڈی میں 22 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ مسلسل بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے۔

ایم ڈی واسا کے مطابق کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 11 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل کے مقام پر 6 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ نالہ لئی سمیت نشیبی علاقوں میں واسا کا عملہ ہیوی مشینری کے ساتھ موجود ہے جبکہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اضافی عملہ بھی تعینات کردیا گیا ہے۔

ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ موسم کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ ہے اور نالہ لئی سمیت شہر کے دیگر نالوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ واسا عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جائے۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے مطابق ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل ہیں۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے پری الرٹ جاری کردیا ہے اور نالہ لئی کے اطراف رہنے والی آبادی کو محتاط رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر نشیبی علاقوں، نالوں اور برساتی گزرگاہوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور ممکنہ بارش یا سیلابی صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے