اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ / بیورو چیف ملک ظفر) دفاعِ پاکستان کی مناسبت سے اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ اہتمام شاندار نمائشی کرکٹ میچ کا انعقاد کیا گیا، جس میں کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا۔ پروقار تقریب میں ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز خالد جاوید بھٹی اور سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسپورٹس مین اسپرٹ، نظم و ضبط اور باہمی احترام کی عمدہ مثال قائم کی، جبکہ شائقین نے بھی کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔
تقریب کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر محمد اشفاق نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز خالد جاوید بھٹی نے کہا کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے۔ کھیل کے میدان میں نوجوانوں کا جوش و جذبہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری قوم اپنے دفاع اور تعمیرِ وطن کے لیے ہر دم تیار ہے۔
سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے کہا کہ اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے یومِ دفاع کے موقع پر بہترین نمائشی میچ کا انعقاد قابلِ تحسین ہے۔ دونوں ٹیموں نے جس شاندار اور دوستانہ ماحول میں کھیل پیش کیا، وہ قابلِ دید تھا۔
ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر محمد اشفاق نے کہا کہ یومِ دفاعِ پاکستان ہمیں اپنے شہداء اور غازیوں کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کا مقصد کھیلوں کے ذریعے نوجوان نسل میں قومی جذبہ، اتحاد، نظم و ضبط اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔