اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ / بیورو چیف ملک ظفر) یوم دفاع پاکستان کے سلسلہ میں ضلع بھر کے سرکاری سکولوں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں طلبا و طالبات نے ملی نغموں، ٹیبلوز، تقاریری مقابلوں اور دیگر مختلف پروگرامز میں بھرپور حصہ لیا۔ یہ تقریبات 6 ستمبر یوم دفاع کی مناسبت سے سی ای او ایجوکیشن محمد یوسف کاہلوں کی زیر نگرانی منعقد ہوئیں۔
ضلع کے مختلف سرکاری سکولوں میں منعقدہ تقریبات کے دوران طلبا و طالبات نے اپنی پرفارمنس کے ذریعے وطن عزیز سے محبت، قومی یکجہتی اور پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ طلبا نے ملی نغمے پیش کیے جبکہ ٹیبلوز اور تقاریر کے ذریعے یوم دفاع پاکستان کی اہمیت، ملکی دفاع اور شہداء کی قربانیوں کو اجاگر کیا۔
تقریبات میں طلبا و طالبات نے قومی جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا اور یوم دفاع کے حوالے سے مختلف پروگرامز پیش کیے۔ اس موقع پر سکولوں میں ملی نغموں اور قومی ترانوں سے فضا حب الوطنی کے جذبے سے سرشار رہی۔
سی ای او ایجوکیشن محمد یوسف کاہلوں نے کہا کہ یوم دفاع ہمیں اپنے شہداء اور غازیوں کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ نئی نسل کو وطن عزیز کی تاریخ، دفاع اور قومی ذمہ داریوں سے آگاہ کرنا تعلیمی اداروں کی اہم ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کا مقصد صرف طلبا کو نصابی تعلیم فراہم کرنا نہیں بلکہ ان میں حب الوطنی، قومی شعور اور ذمہ داری کا احساس پیدا کرنا بھی ہے۔ یوم دفاع کے سلسلہ میں منعقد ہونے والی تقریبات نئی نسل کو وطن عزیز کے دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیوں سے روشناس کرانے اور ان میں قومی جذبہ اجاگر کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔