اوکاڑہ میں غیر قانونی پٹرول پمپس، ایل پی جی شاپس اور تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا فیصلہ

اوکاڑہ (بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلعی انتظامیہ کے علاوہ تمام صوبائی اور وفاقی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع بھر میں سمگلنگ کے خاتمے، غیر قانونی پٹرول پمپس اور ایل پی جی شاپس کے خلاف کارروائیوں، بجلی چوری کی روک تھام اور تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن سمیت مختلف اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں دینی مدارس کی رجسٹریشن کے عمل میں تیزی لانے اور اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کے فوری اور شفاف حل کے لیے بھی حکمت عملی طے کی گئی۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے کہا کہ تمام ضلعی، صوبائی اور وفاقی ادارے باہمی کوارڈینیشن کو مزید مضبوط بنائیں تاکہ عوامی مسائل کا حل تیزی سے ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ضلع بھر میں بغیر این او سی چلنے والے غیر قانونی پٹرول پمپس اور خطرناک ایل پی جی ری فلنگ شاپس کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سمگلنگ قومی معیشت کے لیے زہرِ قاتل ہے، اس کی روک تھام کے لیے تمام متعلقہ محکمے باہمی تعاون سے ٹھوس اور جامع اقدامات کریں۔

محمد اکرام ملک نے کہا کہ بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی جبکہ بجلی چوری میں معاونت کرنے والوں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہر کی سڑکوں اور بازاروں کو تجاوزات سے پاک کر کے آمد و رفت کو سہل بنانا ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ تجاوزات کے خلاف کارروائیوں میں متعلقہ ادارے مؤثر حکمت عملی کے تحت کام کریں اور گرینڈ آپریشن کو مزید مؤثر بنایا جائے۔

دینی مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ رجسٹریشن کا عمل قانون کے مطابق اور آسان بنایا جائے تاکہ تمام متعلقہ کوائف شفاف اور محفوظ رہیں۔

انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے حوالے سے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی جائیدادوں اور دیگر مسائل سے متعلق شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور انہیں بروقت ریلیف فراہم کیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ صرف دفتروں تک محدود نہ رہیں بلکہ فیلڈ میں نکل کر جاری کارروائیوں کی خود نگرانی کریں اور سرکاری اقدامات کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے