پپلی پہاڑ اور حویلی لکھا میں کارروائی، 8 غیر قانونی ایل پی جی شاپس کے خلاف مقدمات درج

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ / بیورو چیف ملک ظفر) سول ڈیفنس آفیسر عدنان قیصر کی زیر نگرانی محکمہ سول ڈیفنس نے پپلی پہاڑ اور حویلی لکھا کے علاقوں میں غیر قانونی ایل پی جی فلنگ شاپس کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا، جس کے دوران 8 غیر قانونی دکانیں سیل کر دی گئیں جبکہ متعلقہ مالکان کے خلاف مقدمات بھی درج کروا دیے گئے۔

محکمہ سول ڈیفنس کے مطابق کارروائی کے دوران ایسی ایل پی جی فلنگ شاپس کو چیک کیا گیا جو بغیر این او سی قائم کی گئی تھیں یا جہاں سیکیورٹی کے مناسب انتظامات موجود نہیں تھے۔ رہائشی علاقوں میں قائم غیر قانونی ایل پی جی شاپس بھی کارروائی کی زد میں آئیں۔

آپریشن کے دوران قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی 8 ایل پی جی شاپس کو موقع پر ہی سیل کر دیا گیا۔ متعلقہ دکانداروں کے خلاف عوامی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے اور قانونی تقاضے پورے نہ کرنے پر مقدمات بھی درج کروا دیے گئے۔

سول ڈیفنس آفیسر عدنان قیصر نے کہا کہ غیر قانونی ایل پی جی کی دکانیں کسی بم دھماکے سے کم نہیں ہیں اور ان میں معمولی سی غفلت بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

عدنان قیصر کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جانی و مالی حفاظت محکمہ سول ڈیفنس کی اولین ترجیح ہے اور غیر قانونی ایل پی جی فلنگ شاپس کے خلاف کارروائی بلاامتیاز جاری رہے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ ضلع اوکاڑہ میں غیر قانونی ایل پی جی شاپس کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رکھا جائے گا اور پورے ضلع کو غیر قانونی ایل پی جی فلنگ شاپس سے پاک کرنے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے