اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ضلعی انتظامیہ، صوبائی و وفاقی محکموں کے افسران اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان، صفائی ستھرائی، ریسکیو، صحت اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق محرم الحرام کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر چوہدری ظفر اقبال اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے محرم الحرام کے سلسلے میں انتظامات اور تیاریوں سے متعلق تفصیلی آگاہ کیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ ہائی وے مرکزی ماتمی جلوسوں کے روٹس پر پیچ ورک کا کام جلد از جلد مکمل کرے اور ترقیاتی سرگرمیوں کے دوران مین ہول کورز کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
انہوں نے ستھرا پنجاب کمپنی کے افسران کو ہدایت کی کہ تینوں تحصیلوں میں عمومی صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس پر خصوصی صفائی، پانی کے چھڑکاؤ اور نالیوں کی بروقت صفائی کو یقینی بنایا جائے جبکہ سینٹری سٹاف کو فیلڈ میں متحرک رکھا جائے۔
اجلاس میں واپڈا حکام کو ہدایت کی گئی کہ جلوسوں کے روٹس پر موجود بجلی کی لٹکتی تاروں اور دیگر خطرناک تنصیبات کو فوری طور پر درست کیا جائے تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری یا خطرے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
احمد سلیم چشتی نے محکمہ سول ڈیفنس کو مرکزی امام بارگاہوں کے قریب واقع دکانوں، ہوٹلز اور تندوروں میں فائر سیفٹی انتظامات مکمل کروانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام حساس مقامات پر آگ سے بچاؤ کے آلات اور حفاظتی اقدامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں۔
انہوں نے سیف سٹی پروگرام کے انچارج کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران مرکزی جلوسوں کے روٹس اور شہر کے اہم مقامات کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مؤثر مانیٹرنگ کے لیے تمام انتظامات مکمل کیے جائیں تاکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی پر فوری نظر رکھی جا سکے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ جلوسوں اور مجالس کے دوران عزاداروں کو فوری طبی امداد اور ریسکیو سہولیات فراہم کرنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جنہیں واضح ذمہ داریاں سونپی جائیں گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرنے کے لیے پیشگی تیاریاں مکمل رکھیں، الرٹ رہیں اور عوامی تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کے لیے باہمی رابطے اور تعاون کو مزید مؤثر بنایا جائے۔