امام بارگاہوں کے اطراف حفاظتی اقدامات تیز، غفلت پر دکانیں سیل کرنے کی وارننگ

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر محکمہ سول ڈیفنس نے محرم الحرام کے دوران امن و امان اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے حفاظتی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں مرکزی امام بارگاہ کے اطراف قائم دکانوں، کریانہ سٹورز، تندوروں اور دیگر کاروباری مراکز کا تفصیلی معائنہ کیا گیا اور آگ سے بچاؤ کے مناسب انتظامات نہ ہونے پر متعدد دکانداروں کو فائر سیفٹی نوٹسز جاری کر دیے گئے۔

محکمہ سول ڈیفنس کی ٹیم نے مرکزی امام بارگاہ اور جلوسوں کے متوقع راستوں کا جائزہ لیتے ہوئے دکانداروں کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر آگ بجھانے کے آلات اور دیگر حفاظتی انتظامات مکمل کریں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے اس موقع پر کہا کہ محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے روٹس پر عوامی تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی ہدایات کے مطابق امام بارگاہوں کے قریب واقع تمام دکانوں میں فعال فائر سلنڈرز اور آگ سے بچاؤ کے دیگر ضروری حفاظتی آلات کی موجودگی لازمی قرار دی گئی ہے۔

انہوں نے دکانداروں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے آغاز سے قبل تمام فائر سیفٹی انتظامات مکمل کیے جائیں۔ مقررہ مدت کے اندر ہدایات پر عمل نہ کرنے والے دکانداروں اور سٹور مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں بھاری جرمانے عائد کرنے کے ساتھ ساتھ دکانوں کو سیل بھی کیا جا سکتا ہے۔

جاوید اختر کھچی نے مزید کہا کہ عوامی تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر امن و امان کے قیام اور کسی بھی ناگہانی حادثے سے بچاؤ کے لیے پیشگی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ مرکزی امام بارگاہ اور جلوسوں کے راستوں میں آنے والی تمام دکانوں پر فائر سیفٹی اصولوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اپنی دکانوں میں حفاظتی انتظامات کو جلد از جلد مکمل کریں تاکہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے