اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ / بیورو چیف ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک کی زیر صدارت ضلعی افسران کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں فلاحِ عامہ کے اقدامات، شہریوں کو درپیش روزمرہ مسائل کے حل اور جاری ترقیاتی و انفراسٹرکچر منصوبوں کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں مختلف محکموں کی جانب سے جاری منصوبوں اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے تمام انتظامی اور متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ عوام کی سہولت کے لیے شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر ہر صورت مکمل کیا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی کاموں کے معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ساتھ ان کے معیار کو بھی یقینی بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے ازالے کے لیے دفاتر کے دروازے شہریوں کے لیے کھلے رکھے جائیں اور ان کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی جائے۔
انہوں نے پینے کے صاف پانی کی فراہمی، صفائی ستھرائی اور سڑکوں کی مرمت سمیت بنیادی انفراسٹرکچر کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور انہیں براہِ راست ریلیف دینا ہے۔