گھوٹکی (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار مشتاق علی لغاری ) میرپور ماتھیلو کے قریب گاؤں باگو ڈہو میں مرناس برادری کے دو فریقوں کے درمیان رشتے داری کے تنازع پر جاری اختلاف نے اس وقت سنگین صورت اختیار کرلی جب دونوں فریقوں کے درمیان جھگڑے کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت بلاول مرناس، وقار مرناس اور مختیار مرناس کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال پر قابو پاتے ہوئے تحقیقات شروع کردیں۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے محرکات، دونوں فریقوں کے درمیان جاری رشتے داری کے تنازع اور واقعے میں ملوث افراد سے متعلق معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں، جب کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ذمہ دار افراد سے متعلق مزید حقائق سامنے آسکیں گے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس اور کشیدگی پھیلی ہوئی ہے، جبکہ ممکنہ مزید تصادم کو روکنے کے لیے پولیس کی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔