رینالہ خورد کالج میں “بنیان مرصوص” کی کامیابی پر پاک فوج کو زبردست خراجِ تحسین، سیمینار کا انعقاد

اوکاڑہ (بیورو چیف ملک ظفر)گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج رینالہ خورد میں “آپریشن بنیان مرصوص” کی شاندار کامیابی کے ایک سال مکمل ہونے کی مناسبت سے ایک پروقار سیمینار منعقد کیا گیا۔

سیمینار کی صدارت کالج کے پرنسپل راؤ اختر علی نے کی، جبکہ اس موقع پر اساتذہ کرام اور طلبا نے بھرپور شرکت کی۔ مقررین میں معظم علی (لیکچرار فزیکل ایجوکیشن)، ڈاکٹر جواد حیدر (اسسٹنٹ پروفیسر اسلامیات)، ڈاکٹر محمد عبداللہ (اسسٹنٹ پروفیسر شماریات)، چوہدری عبدالرزاق (اسسٹنٹ پروفیسر باٹنی)، خالد سیف اللہ خالد (ایسوسی ایٹ پروفیسر) اور وائس پرنسپل ذوالفقار شاذ شامل تھے، جنہوں نے آپریشن کی کامیابی اور ملکی دفاعی اداروں کی خدمات پر تفصیلی اظہار خیال کیا۔

مقررین نے پاک فوج کی تاریخی اور بے مثال کامیابی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس آپریشن نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور قومی یکجہتی و دفاعی صلاحیت کو مزید مضبوط کیا۔

پرنسپل راؤ اختر علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ “آپریشن بنیان مرصوص” نے ثابت کیا ہے کہ پاکستانی قوم اور اس کے محافظ ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن ملکی دفاعی تاریخ کا روشن باب ہے جو نوجوان نسل کو حب الوطنی، قربانی اور ایثار کا درس دیتا ہے۔

سیمینار کے اختتام پر وطن عزیز کی سلامتی، شہداء کے درجات کی بلندی اور ملکی ترقی و استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے