اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر): ستھرا پنجاب ایجنسی اوکاڑہ کی مانیٹرنگ ٹیم نے مینجنگ ڈائریکٹر چوہدری عبدالجبار گجر کی ہدایت اور ڈسٹرکٹ مینیجر علی رضا کی زیرِ قیادت شہر و دیہی علاقوں، ڈمپ سائٹ اور ٹی سی پی پوائنٹس کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔
مانیٹرنگ ٹیم نے مختلف مقامات پر صفائی کے معیار، فیلڈ میں موجود صفائی عملے کی حاضری اور کارکردگی چیک کی، جبکہ جاری صفائی آپریشن کے دوران پیش آنے والے مسائل اور دیگر امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر متعلقہ فیلڈ افسران کو صفائی کے معیار میں مزید بہتری لانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔
سارکو پروجیکٹ مینیجر محمد رضوان ظفر، تحصیل مینیجر نعمان راشد اور دیگر متعلقہ افسران بھی مانیٹرنگ ٹیم کے ہمراہ موجود تھے۔ افسران نے مختلف علاقوں میں جاری صفائی آپریشن کا معائنہ کرتے ہوئے صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور شہری و دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی کا معیار برقرار رکھنے پر زور دیا۔
ستھرا پنجاب ایجنسی کے حکام کے مطابق صفائی کے نظام کی مؤثر نگرانی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، جبکہ فیلڈ میں صفائی عملے کی حاضری اور کارکردگی کو بھی باقاعدگی سے مانیٹر کیا جائے گا۔