مبینہ کرپشن کی شکایات پر کارروائی، پاسپورٹ آفس کے ملازمین اور مبینہ ایجنٹ زیرِ حراست

قصور (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف طارق نوید سندھو): ایف آئی اے نے مبینہ کرپشن اور شہریوں سے غیر قانونی رقوم وصول کیے جانے کی شکایات پر پاسپورٹ آفس قصور میں کارروائی کرتے ہوئے متعدد ملازمین سمیت 11 افراد کو حراست میں لے لیا۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کے سب انسپکٹر راؤ شفیق نے ٹیم کے ہمراہ پاسپورٹ آفس قصور پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران پاسپورٹ آفس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد وقاص، ڈیٹا انٹری آپریٹر محمد الیاس، یو ڈی سی شہزاد اسلم، تین سکیورٹی گارڈز کلیم، مقیم اور احمد جبکہ سویپر غلام مصطفیٰ کو حراست میں لیے جانے کی اطلاع ہے۔

ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران مبینہ پرائیویٹ مین ٹاؤٹس رؤف، عرفان اور نعمان کو بھی حراست میں لیا گیا، جبکہ پاسپورٹ آفس میں سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات پنجاب پولیس کے کانسٹیبل روحیل کو بھی تحویل میں لیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے ٹیم تمام زیرِ حراست افراد کو مزید تفتیش کے لیے لاہور لے گئی ہے۔ تاہم ایف آئی اے حکام کی جانب سے تاحال کارروائی کی تفصیلات یا زیرِ حراست افراد کے خلاف الزامات کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

ذرائع کے مطابق کارروائی شہریوں سے مبینہ غیر قانونی رقوم وصول کرنے اور کرپشن سے متعلق شکایات کی بنیاد پر کی گئی، تاہم تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ذمہ داری اور الزامات کی حتمی نوعیت واضح ہو سکے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے