نشہ آور ادویات کی روک تھام، فارمیسی مالکان کو نسخے کے بغیر فروخت سے گریز کی ہدایت

ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر جواد اکبر): نوجوان نسل کو منشیات اور ادویات کے مضرِ صحت استعمال سے محفوظ رکھنے کے لیے پنجاب حکومت اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب کی خصوصی ہدایات پر محکمہ نارکوٹکس نے شہر بھر میں آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔

اس سلسلے میں ڈائریکٹر ڈیرہ غازی خان پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کرنل محمد محسن اختر ملک نے عملے کے ہمراہ شہر کے مختلف میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیوں کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے فارمیسی مالکان اور عملے سے ملاقاتیں کیں اور نشہ آور و غیر معیاری ادویات کے مضر اثرات اور بلا ضرورت استعمال کے سنگین نتائج سے آگاہ کیا۔

محکمہ نارکوٹکس کے افسران نے فارمیسی مالکان کو ہدایت کی کہ کسی بھی صورت مستند ڈاکٹر کے نسخے کے بغیر نشہ آور یا صحت کے لیے نقصان دہ ادویات فروخت نہ کی جائیں۔ کرنل محمد محسن اختر ملک نے کہا کہ نوجوان نسل کے روشن مستقبل کے تحفظ کے لیے قانون کی مکمل پاسداری کے ساتھ میڈیکل اسٹور مالکان کو اپنی اخلاقی ذمہ داری بھی ادا کرنا ہوگی۔

دورے کے دوران فارمیسی اور میڈیکل اسٹورز کے مالکان نے محکمہ نارکوٹکس کی آگاہی مہم کو سراہتے ہوئے حکومتی ہدایات پر مکمل عملدرآمد اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے