ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف احسان اللہ ایاز): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ڈی پی او ننکانہ صاحب ارسلان زاہد نے کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور محکمانہ غفلت کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک پولیس انسپکٹر اور ایک کانسٹیبل کو ملازمت سے برخاست، ایک سب انسپکٹر اور ایک چوکی انچارج کو عہدوں سے تنزلی، جبکہ ایک انسپکٹر، ایک اے ایس آئی اور دو کانسٹیبلوں کو معطل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اختیارات کے ناجائز استعمال ثابت ہونے پر سابق ایس ایچ او تھانہ فیض آباد مجاہد عباس ملہی کو محکمہ پولیس سے برخاست کر دیا گیا، جبکہ کرپشن کے الزامات پر ایس ایچ او تھانہ مانگٹانوالا انسپکٹر کفایت حسین کو معطل کیا گیا۔
کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال ثابت ہونے پر سب انسپکٹر منشاء کی عہدے سے تنزلی کرکے اسے اے ایس آئی بنا دیا گیا، جبکہ تھانہ سید والا کی چوکی کوٹ حاکم کے انچارج اکبر قریشی کو بھی عہدے سے تنزلی کرکے کانسٹیبل کر دیا گیا۔
ناقص تفتیش پر چوکی وزیر پور کے انچارج محبوب احمد کو معطل کیا گیا، جبکہ پولیس چوکی موڑ کھنڈا میں تعینات کانسٹیبلان آصف اور اکبر کو کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات پر معطل کر دیا گیا۔ اسی چوکی کے کانسٹیبل وقار کو محکمہ پولیس سے برخاست کر دیا گیا۔
ڈی پی او ارسلان زاہد نے کہا کہ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر رشوت، کرپشن اور محکمانہ ضابطے کی خلاف ورزی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے۔ سنگین نوعیت کے مقدمات میں منصفانہ تفتیش اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آر پی او شیخوپورہ رینج اطہر اسماعیل کے احکامات کے مطابق ناجائز قبضے کروانے میں ملوث پولیس افسران و اہلکار ناقابلِ معافی ہیں اور ان کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔ محکمہ پولیس کی بدنامی کا باعث بننے والے اہلکاروں کے خلاف بلاامتیاز محکمانہ کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔