اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) شہر میں غیرقانونی اور غیر محفوظ ایل پی جی ری فلنگ شاپس کے خلاف سول ڈیفنس کی کارروائیاں جاری ہیں، فیلڈ چیکنگ کے دوران سنگین خلاف ورزیوں پر 4 ایل پی جی دکانیں موقع پر سیل جبکہ حفاظتی انتظامات میں غفلت اور آگ بجھانے والے آلات کی عدم دستیابی پر 3 دکانداروں کو نوٹسز جاری کر دیے گئے۔
سول ڈیفنس آفیسر عدنان قیصر کی زیر نگرانی سول ڈیفنس کی ٹیموں نے شہر کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی ری فلنگ شاپس کی فیلڈ چیکنگ کی۔ اس دوران دکانوں پر حفاظتی انتظامات، آگ بجھانے والے آلات کی دستیابی اور ایل پی جی کاروبار کے لیے ضروری اجازت ناموں سمیت دیگر حفاظتی امور کا جائزہ لیا گیا۔
چیکنگ کے دوران شدید نوعیت کی خلاف ورزیوں کے مرتکب 4 ایل پی جی دکانداروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کی دکانیں موقع پر سیل کر دی گئیں، جبکہ آگ بجھانے والے آلات کی عدم دستیابی اور ناقص حفاظتی انتظامات پر 3 دکانداروں کو نوٹسز جاری کیے گئے۔
سول ڈیفنس حکام کے مطابق ایل پی جی ری فلنگ کے دوران معمولی سی غفلت بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے غیرقانونی اور غیر محفوظ طریقے سے کاروبار کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
دوسری جانب صنعتی و تجارتی مراکز میں حفاظتی اقدامات کو مؤثر بنانے کے لیے سول ڈیفنس کی پیشہ ورانہ ٹیم نے ایک نجی رائس مل کے 17 ورکرز کو آتشزدگی سے بچاؤ، فائر فائٹنگ آلات کے درست استعمال اور ہنگامی صورتحال میں بروقت انخلاء کے حوالے سے عملی تربیت بھی فراہم کی۔
تربیتی سیشن کے دوران کارکنوں کو ممکنہ آتشزدگی کی صورت میں فوری اور محفوظ اقدامات، فائر آلات کے استعمال اور ہنگامی صورتحال میں عمارت سے انخلاء کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے کی صورت میں جانی و مالی نقصان کو کم سے کم کیا جاسکے۔
سول ڈیفنس آفیسر عدنان قیصر نے کہا کہ بغیر این او سی اور غیر محفوظ طریقوں سے ایل پی جی کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کے تحت سخت کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایل پی جی ری فلنگ کی ہر دکان پر مؤثر آگ بجھانے والے آلات اور ضروری حفاظتی تدابیر کی موجودگی لازمی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جن دکانداروں کو حفاظتی انتظامات مکمل کرنے کے لیے مقررہ وقت دیا گیا ہے، اگر وہ مقررہ مدت میں اپنے حفاظتی آلات اور انتظامات مکمل نہ کریں تو ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر دکان سیل کر دی جائے گی۔