ملاگوری میں پولیس اور اسمگلروں کے درمیان فائرنگ، ایس ایچ او ریاض حسین آفریدی جان سے گئے

خیبر (کیو این این ورلڈ/نور حلیم آفریدی) تحصیل ملاگوری کے علاقے شیربرج میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے مبینہ اسمگلروں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایس ایچ او تھانہ ملاگوری ریاض حسین آفریدی گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگئے، جو بعد ازاں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کیے جانے کے باوجود زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی نقل و حرکت کے خلاف کارروائی کے دوران شیربرج کے مقام پر پولیس اور مبینہ اسمگلروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے دوران ایس ایچ او تھانہ ملاگوری ریاض حسین آفریدی کو گولی لگی اور وہ شدید زخمی ہوگئے۔

پولیس اہلکاروں نے زخمی ایس ایچ او کو فوری طور پر حیات آباد میڈیکل کمپلیکس ہسپتال منتقل کیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران دو مبینہ اسمگلروں کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ موقع سے دو نان کسٹم پیڈ گاڑیاں بھی قبضے میں لے لی گئیں۔ پولیس کے مطابق مذکورہ گاڑیاں مبینہ طور پر ملاگوری کے راستے ضلع مہمند لے جائی جا رہی تھیں۔

واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں کارروائی مزید تیز کردی ہے، جبکہ فائرنگ کے واقعے کی نوعیت، ملزمان کی شناخت اور دیگر تفصیلات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کی جانب سے واقعے کے مزید حقائق سامنے آنے کے بعد تفصیلات جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *