خصوصی بچوں کی خودمختاری کیلئے پنجاب حکومت کا بڑا اقدام، ہمت کارڈز کی تقسیم شروع

اوکاڑہ: (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) مریم نواز سنٹر آف ایکسیلنس اوکاڑہ میں خصوصی بچوں کے لیے ہمت کارڈز کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ثانیہ عاشق نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے دوران ہمت کارڈ پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا اور اہل خصوصی بچوں میں کارڈز تقسیم کیے گئے۔

اس موقع پر معاون خصوصی ثانیہ عاشق، سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن، ڈی جی سپیشل ایجوکیشن، ایم پی اے میاں محمد منیر، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید، مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری فیاض ظفر اور ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی بھی موجود تھے۔ شرکاء نے خصوصی بچوں اور ان کے والدین سے ملاقات کی اور حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ثانیہ عاشق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حکم پر پنجاب بھر میں 29 ہزار 768 اہل خصوصی بچوں میں ہمت کارڈز تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مریم نواز سنٹر آف ایکسیلنس اوکاڑہ کے 96 خصوصی بچوں کو پہلے مرحلے میں ہمت کارڈ فراہم کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے جن میں ہمت کارڈ، معاون آلات، صحت بخش خوراک، تھیراپی اور دیگر سہولیات کی فراہمی شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ہر ڈویژن میں آٹزم سکول کے سیٹلائٹ کیمپس قائم کیے جائیں گے تاکہ خصوصی بچوں کو ان کے اپنے علاقوں میں بہتر تعلیمی اور طبی سہولیات میسر آ سکیں۔

ثانیہ عاشق نے بتایا کہ خصوصی بچے ان کیمپسز میں اپنی اسسمنٹ اور تھیراپی کی سہولیات سے بھی مستفید ہو سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اس وقت 45 ہزار خصوصی بچوں کو روزانہ کی بنیاد پر فورٹیفائیڈ بسکٹ اور پروٹین سے بھرپور دودھ فراہم کر رہی ہے تاکہ ان کی غذائی ضروریات پوری کی جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ خصوصی بچوں کو بہترین سے بہترین سہولیات فراہم کی جائیں اور انہیں معاشرے کا بااختیار اور فعال فرد بنایا جائے۔ ان کے بقول وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ان کی ٹیم خصوصی بچوں اور ان کے والدین کے مسائل کو بھرپور احساس کے ساتھ سمجھتی ہے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

معاون خصوصی نے مزید کہا کہ ہمت کارڈ خصوصی بچوں کی خودمختاری، خوداعتمادی اور معاشی بہتری کے لیے ایک اہم فلاحی منصوبہ ہے، جو انہیں باعزت زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کرے گا۔ انہوں نے مریم نواز سنٹر آف ایکسیلنس میں دستیاب سہولیات کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی سہولیات نجی شعبے کے اداروں میں بھی کم ہی دیکھنے کو ملتی ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی اور روشن مستقبل کی جانب گامزن ہے اور ملک کی کامیابیوں میں وزیر اعظم شہباز شریف اور سید عاصم منیر کی قیادت اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کے لیے ہمت کارڈ پروگرام تحفظ، اعتماد اور بہتر مستقبل کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے