گول چوک اور 7 نمبر چونگی میں تجاوزات پر شکنجہ، خلاف ورزی پر سیلنگ اور جرمانوں کا انتباہ

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر محمد بن علی نے انفورسمنٹ ٹیم کے ہمراہ شہر کے مصروف تجارتی مراکز گول چوک اور 7 نمبر چونگی کا دورہ کیا، جہاں انسدادِ تجاوزات مہم کے تحت تفصیلی معائنہ کیا گیا اور دکانداروں و ریڑھی بانوں کو سخت ہدایات جاری کی گئیں۔

دورے کے دوران سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر محمد بن علی نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی کاروباری سرگرمیاں مقررہ حدود کے اندر رکھیں اور سڑکوں، فٹ پاتھوں یا عوامی راستوں پر سامان رکھنے سے گریز کریں۔ انہوں نے ریڑھی بانوں کو بھی خبردار کیا کہ وہ ٹریفک کی روانی اور پیدل چلنے والوں کی آمدورفت میں رکاوٹ نہ بنیں۔

محمد بن علی نے کہا کہ گول چوک اور 7 نمبر چونگی شہر کے اہم تجارتی اور مصروف مقامات ہیں، جہاں تجاوزات کے باعث شہریوں کو روزانہ شدید مشکلات اور ٹریفک کی روانی میں خلل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انتظامیہ کاروباری طبقے کے روزگار کا احترام کرتی ہے، تاہم عوامی راستوں پر ناجائز قبضے کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ وہ رضاکارانہ طور پر اپنی حدود سے باہر رکھا گیا سامان فوری ہٹا لیں، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں سامان بحقِ سرکار ضبط کرنے، بھاری جرمانے عائد کرنے اور دکانیں سیل کرنے جیسے اقدامات شامل ہوں گے۔

سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر نے انفورسمنٹ اسٹاف کو ہدایت کی کہ گول چوک، 7 نمبر چونگی اور دیگر مصروف علاقوں کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے تاکہ دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی، ٹریفک کی روانی اور عوامی سہولت کو برقرار رکھنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وارننگ کے باوجود تجاوزات قائم رکھنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی، کیونکہ عوامی راستے شہریوں کی مشترکہ ملکیت ہیں اور ان پر کسی کو ناجائز قبضے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے