اوکاڑہ میں غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ پر شکنجہ، 7 دکانیں سیل، بھاری جرمانے

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی خصوصی ہدایات پر سول ڈیفنس نے ضلع بھر میں غیر قانونی ایل پی جی شاپس اور غیر محفوظ ری فلنگ پوائنٹس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر 7 دکانیں سیل کر دیں، جبکہ مالکان پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے۔

سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی کی زیر نگرانی جاری کارروائی کے دوران غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ، ناقص سلنڈرز کے استعمال اور فائر سیفٹی کے مطلوبہ انتظامات کے بغیر کاروبار کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔ کارروائی کے دوران سیل کی گئی دکانوں کا سامان بھی بحقِ سرکار ضبط کر لیا گیا۔

سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ رہائشی علاقوں میں غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ اور حفاظتی اقدامات کے بغیر گیس کی فروخت کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے ایسے کاروبار کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

انہوں نے دکانداروں کو خبردار کیا کہ وہ سول ڈیفنس کے مقررہ حفاظتی قوانین پر فوری طور پر عملدرآمد یقینی بنائیں، بصورت دیگر دکانیں سیل کرنے کے ساتھ سخت قانونی کارروائی، بھاری جرمانوں اور قید کی سزا کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

جاوید اختر کھچی نے مزید کہا کہ سول ڈیفنس کی ٹیمیں ضلع بھر میں متحرک ہیں اور غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ، ناقص سلنڈرز کے استعمال اور دیگر خطرناک سرگرمیوں کے خلاف مہم اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ضلع کو ایسے غیر قانونی کاروبار سے مکمل طور پر پاک نہیں کر دیا جاتا۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنی اور دوسروں کی جانوں کے تحفظ کے لیے صرف لائسنس یافتہ اور حفاظتی معیار پر پورا اترنے والے ایل پی جی مراکز سے ہی گیس حاصل کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے