اوکاڑہ (بیورو چیف ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت مفاد عامہ کے پیش نظر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر عملدرآمد کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ عید کے ایام میں ضلع بھر میں صفائی ستھرائی کے مثالی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مویشی منڈیوں کے قیام اور ان کی مانیٹرنگ کے لیے سخت اور مؤثر میکانزم وضع کیا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع کی تینوں تحصیلوں میں مخصوص مقامات پر جدید سہولیات سے آراستہ مویشی منڈیاں قائم کی جائیں، جہاں پینے کا صاف پانی، سایہ دار جگہیں اور ویٹرنری سروسز کی دستیابی لازمی ہو۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ “ستھرا پنجاب” ٹیمیں ضلع بھر میں صفائی کے انتظامات کے ساتھ ساتھ مویشی منڈیوں میں بھی صفائی کے بہترین معیار کو یقینی بنائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ عید قربان کے موقع پر قائم ہونے والی منڈیوں میں صفائی ستھرائی کے تمام اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں اور ضلعی انتظامیہ کے افسران ان اقدامات کی مسلسل مانیٹرنگ کریں تاکہ بہترین نتائج حاصل کیے جا سکیں۔