اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک کی ہدایت پر محکمہ ماحولیات کی ٹیموں نے انسداد سموگ مہم کے تحت مختلف علاقوں میں اینٹوں کے بھٹوں کی انسپکشن کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔
تفتیشی ٹیموں نے متعدد بھٹوں کا معائنہ کرتے ہوئے مالکان کو ماحولیاتی قوانین اور زگ زیگ ٹیکنالوجی پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنانے کی سخت ہدایات جاری کی ہیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات محمد جہانتاب اختر نے کہا کہ سموگ کے تدارک کے لیے حکومتی ایس او پیز کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور روایتی اولڈ ڈیزائن والے بھٹوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سموگ ایک بڑا ماحولیاتی چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے، لہٰذا تمام بھٹہ مالکان زگ زیگ ٹیکنالوجی کے معیار کی پابندی کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی ایکشن لیا جائے گا۔
