ڈیرہ غازی خان (نیوز رپورٹر شاہد خان) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیرہ غازی خان کے زیر اہتمام انٹرمیڈیٹ پارٹ سیکنڈ و کمبائنڈ فرسٹ اینول امتحان 2026 کے نتائج کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں بورڈ آفس میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر عبدالرؤف نے نتائج کا اعلان کیا۔
تقریب کے مہمانانِ خصوصی کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری اور رکن پنجاب اسمبلی اسامہ عبد الکریم تھے، جبکہ وائس چانسلر غازی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد چٹھہ نے بطور مہمانِ اعزاز شرکت کی۔ تقریب میں سیکرٹری بورڈ عبدالرحمن چوہدری، کنٹرولر امتحانات پروفیسر محمد مظفر حسین، چیف ایگزیکٹو آفیسرز، بورڈ و بی او جی ممبران، پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات، والدین اور اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کے بعد سیکرٹری بورڈ عبدالرحمن چوہدری نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا، جبکہ کنٹرولر امتحانات پروفیسر محمد مظفر حسین نے شرکاء کو نتائج کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق امتحانات میں کل 59 ہزار 243 امیدواران نے شرکت کی جن میں سے 43 ہزار 332 کامیاب قرار پائے۔ مجموعی کامیابی کا تناسب 73.14 فیصد رہا، جس میں طلباء کی کامیابی کا تناسب 63.85 فیصد جبکہ طالبات کا 82.55 فیصد رہا۔
ضلع وار نتائج کے مطابق کوٹ ادو 77.32 فیصد کامیابی کے ساتھ سرِ فہرست رہا، جبکہ مظفرگڑھ میں 77.02 فیصد، لیہ میں 72.64 فیصد، تونسہ شریف میں 69.82 فیصد، ڈیرہ غازی خان میں 69.56 فیصد اور راجن پور میں کامیابی کا تناسب 67.15 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری، چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر عبدالرؤف، ایم پی اے اسامہ عبد الکریم اور وائس چانسلر غازی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد چٹھہ نے کامیاب ہونے والے طلبا و طالبات، والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں اور بورڈ کی ترجیح امتحانات کو شفاف و منصفانہ بنانا ہے۔ تقریب کے اختتام پر پوزیشن ہولڈرز میں کیش پرائزز، اعزازات اور اسناد تقسیم کی گئیں۔