دکانوں سے باہر سامان نکالنے اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی: ایس ڈی ای او پیرا اصغر علی

اوکاڑہ (بیورو چیف ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک کی ہدایت پر سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر (پیرا) اصغر علی تجاوزات اور گرانفروشی کے خاتمے کے لیے میدان میں آ گئے۔

اس سلسلے میں انہوں نے اکبر روڈ اور سبزی منڈی کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے سڑکوں پر قائم تجاوزات اور اشیائے خورونوش کی سرکاری ریٹ لسٹوں کا معائنہ کیا۔ دورے کے دوران ایس ڈی ای او اصغر علی نے تمام دکانداروں اور ریڑھی بانوں کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی دکانوں کا سامان اور ریڑھیاں مقررہ حدود کے اندر رکھیں، کیونکہ تجاوزات کے باعث شہریوں کے لیے پیدا کی جانے والی رکاوٹیں کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔

انہوں نے دکانداروں پر زور دیا کہ وہ حکومت پنجاب کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفائڈ ریٹ لسٹیں نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں اور اشیاء کی فروخت مقررہ قیمتوں کے مطابق یقینی بنائیں۔ اصغر علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو سستی اور معیاری اشیائے خورونوش کی فراہمی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

ایس ڈی ای او پیرا نے خبردار کیا کہ دکانوں کی حدود سے باہر سامان سجانے اور ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد کرنے کے ساتھ ساتھ سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے