کمشنر ساہیوال کا فوری اقدام: نہر لوئر باری دوآب کے پاس سے آلودگی کا باعث بننے والا کوڑا ڈپو منتقل، شہریوں کا اظہار تشکر

رینالہ خورد (نامہ نگار)رینالہ پریس کونسل (رجسٹرڈ) کی بروقت نشاندہی اور عوامی جدوجہد کے نتیجے میں واٹر فلٹریشن پلانٹ اور نہر لوئر باری دوآب کے قریب قائم فلیتھ ڈپو کو شہر کے باہر منتقل کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق "ستھرا پنجاب” پروگرام کے قیام کے بعد شہر بھر سے جمع شدہ تعفن زدہ کوڑا کرکٹ خلافِ قانون نہر لوئر باری دوآب کے سنگم اور واٹر فلٹریشن پلانٹ کے بالکل قریب فلیتھ ڈپو میں اکٹھا کیا جا رہا تھا۔ اس کے باعث نہ صرف آس پاس کی آبادیوں میں مختلف بیماریاں پھیلنے کا شدید خدشہ تھا بلکہ فلٹریشن پلانٹ کے صاف پانی کے آلودہ ہونے کا بھی بڑا خطرہ پیدا ہو چکا تھا۔

انسانی صحت سے وابستہ اس سنگین اور اہم مسئلے کو رینالہ پریس کونسل (رجسٹرڈ) کے وفد نے صدر علیم اللہ چودھری کی قیادت میں گزشتہ ماہ رینالہ خورد میں منعقدہ کھلی کچہری میں کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل کے سامنے اٹھایا تھا۔

کمشنر ساہیوال نے مسئلے کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے فوری احکامات جاری کیے، جن پر عمل درآمد کرتے ہوئے انتظامیہ نے فلیتھ ڈپو کو شہری آبادی اور فلٹریشن پلانٹ سے دور مناسب جگہ منتقل کر دیا ہے۔ اس کامیاب پیشرفت اور صحت بخش اقدام پر اہل رینالہ خورد نے کمشنر ساہیوال اور ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کا شکریا ادا کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے