تعلیمی بورڈ گوجرانوالہ میں کھیلوں کے مقابلہ جات کی شاندار افتتاحی تقریب، عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں اور تعلیمی افسران کی شرکت

گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ /بیوروچیف محمدرمضان نوشاہی)بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن گوجرانوالہ کے زیرِ اہتمام انٹر کالجیٹ و انٹر سکولز کھیلوں کے مقابلہ جات برائے سال 2026-27 کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ افتتاحی تقریب بورڈ کے کرکٹ گراؤنڈ میں منعقد ہوئی، جس کا باضابطہ افتتاح چیئرپرسن بورڈ، انجینئر ڈاکٹر اقصی شبیر نے کیا۔

تقریب میں ڈائریکٹر ایجوکیشن (کالجز) گوجرانوالہ ڈویژن پروفیسر امان اللہ، بین الاقوامی کھلاڑی محمد نوح دستگیر بٹ، مس افراء، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی گوجرانوالہ ڈاکٹر عطیہ ارشد ملک، سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی منڈی بہاؤالدین مس نزہت کلثوم شہزادی، سیکرٹری بورڈ پروفیسر رشید احمد بھٹی اور کنٹرولر امتحانات پروفیسر ندیم احمد سمیت دیگر اہم تعلیمی و انتظامی شخصیات نے خصوصی شرکت کی۔

افتتاحی روز رسہ کشی (طلبہ و طالبات)، کراٹے، 100 میٹر دوڑ اور دیگر کھیلوں کے دلچسپ مقابلے منعقد ہوئے۔ ان مقابلوں میں گورنمنٹ گریجویٹ کالج عروپ، گورنمنٹ گریجویٹ کالج سیٹلائٹ ٹاؤن گوجرانوالہ، پنجاب کالجز، دی لرننگ ہب کالج، ایسپائر کالج اور سپیریئر کالج کے طلبہ و طالبات نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ طلبہ کی حوصلہ افزائی اور ٹیم ورک کے جذبے کو ابھارنے کے لیے کنٹرولر ونگ اور سیکرٹری ونگ کے افسران و ملازمین نے بھی رسہ کشی کے مقابلے میں حصہ لیا۔ کھیلوں کی اس شاندار تقریب کے تمام انتظامی امور ڈائریکٹر سپورٹس، بورڈ گوجرانوالہ جناب عمر ریاض کی دیکھ بھال میں انجام دیے گئے۔

اس موقع پر مقررین نے کھیلوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایسی صحت مند سرگرمیاں طلبہ میں نظم و ضبط، خود اعتمادی، باہمی تعاون، برداشت اور مثبت مسابقت کے جذبے کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ ان مقابلہ جات کا بنیادی مقصد نوجوان نسل کو اپنی چھپی ہوئی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے بہترین پلیٹ فارم فراہم کرنا اور کھیلوں کے میدان میں اعلیٰ کارکردگی کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے