منتخب وزیراعلیٰ کی گرفتاری کے خلاف باڑہ بازار میں پی ٹی آئی کا مظاہرہ، خیبر چوک میدانِ جنگ بن گیا

خیبر (نورحلیم آفریدی)ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں انتظامیہ کی جانب سے ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کی جانب سے باڑہ بازار خیبر چوک میں شدید احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی، جس نے احتجاجی کارکنوں پر آنسو گیس کے شیل داغے اور ہوائی فائرنگ کی۔ پولیس کارروائی اور فائرنگ کے نتیجے میں متعدد کارکنان زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر علاج معالجے کے لیے فیصل میڈیکل کمپلیکس باڑہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس دوران پولیس نے متعدد پی ٹی آئی کارکنوں کو موقع پر گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا۔

احتجاج کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے ضلعی رہنما افتخار کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ صرف تحریک انصاف کا نہیں بلکہ تمام سیاسی جماعتوں کا مشترکہ مسئلہ ہے، تاہم اس وقت صرف تحریک انصاف کے کارکنان میدان میں نکل کر مزاحمت کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیٹ کی بندش کے باعث کارکنوں سے رابطہ قائم کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، لیکن اس کے باوجود ہر قوم اور علاقے کی سطح پر پیغام پہنچا دیا گیا ہے۔ رہنما پی ٹی آئی نے وفاقی حکومت کی جانب سے منتخب وزیراعلیٰ کی گرفتاری شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے غلط فیصلہ قرار دیا اور واضح کیا کہ وزیراعلیٰ کی رہائی تک احتجاج اور مزاحمت کا یہ سلسلہ مزید شدت کے ساتھ جاری رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے