اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر) معرکہ حق کے شہدا کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جناح پارک میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اسسٹنٹ کمشنر مرزا راحیل بیگ اور سی او ایم سی عمر نسیم نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر شہدائے وطن کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں، جبکہ سول سوسائٹی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے جناح پارک پہنچ کر شہدا سے اپنی گہری محبت اور عقیدت کا اظہار کیا۔ افسران اور شہریوں نے مل کر شمعیں روشن کیں اور وطن کی خاطر جانیں قربان کرنے والوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر مرزا راحیل بیگ نے کہا کہ شہدا کا خون ان کی لازوال قربانیوں کا وہ قرض ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کی خاطر اپنی جانیں نچھاور کرنے والے ہی ہمارے حقیقی ہیرو ہیں اور ان کی یہ عظیم قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ مرزا راحیل بیگ کا مزید کہنا تھا کہ آج ہم جن آزاد فضائوں میں سانس لے رہے ہیں وہ غازیوں اور شہدا کی مرہون منت ہیں اور پوری قوم معرکہ حق کے شہدا کی شجاعت کو سلام پیش کرتی ہے۔