اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وزیراعظم شہباز شریف نے آبنائے ہرمز میں “پروجیکٹ فریڈم” کو عارضی طور پر روکنے کے اعلان پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے علاقائی امن و استحکام کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ صدر ٹرمپ کی جرات مندانہ قیادت اور بروقت فیصلے پر ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور دیگر برادر ممالک، بالخصوص مملکتِ سعودی عرب اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی درخواست پر دیا گیا یہ فراخدلانہ ردعمل اس حساس دور میں خطے میں امن، استحکام اور مفاہمت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ان تمام کوششوں کی بھرپور حمایت کے لیے پرعزم ہے جو تحمل، مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پُرامن حل کو فروغ دیتی ہیں۔
انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ موجودہ پیش رفت ایک ایسے پائیدار معاہدے کی بنیاد بنے گی جو نہ صرف خطے بلکہ اس سے آگے بھی دیرپا امن اور استحکام کو یقینی بنائے گا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور دیگر ممالک کی درخواست پر آبنائے ہرمز میں جاری “پروجیکٹ فریڈم” کو عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا، جسے عالمی سطح پر ایک اہم سفارتی پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
