اوکاڑہ میں سول ڈیفنس کا کریک ڈاؤن، 9 ایل پی جی شاپس بند، طلبہ اور ورکرز کی فائر سیفٹی تربیت

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک کی ہدایت پر محکمہ سول ڈیفنس نے غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ شاپس اور فائر سیفٹی کے ناقص انتظامات والے پٹرول پمپس کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 9 غیر قانونی ایل پی جی شاپس اور 2 پٹرول پمپس سیل کر دیے۔ کارروائیوں کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا اور ممکنہ حادثات کی روک تھام ہے۔

ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر سول ڈیفنس آفیسر عدنان قیصر کی زیر نگرانی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے کاروباری مراکز کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری ہیں۔ محکمہ سول ڈیفنس کے مطابق غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ اور فائر سیفٹی کے ناقص انتظامات کے باعث عوامی تحفظ کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، اس لیے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب محکمہ سول ڈیفنس نے آگ لگنے کے واقعات اور دیگر ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے آگاہی اور تربیتی سرگرمیوں کا دائرہ بھی وسیع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں گورنمنٹ ڈگری کالج حجرہ شاہ مقیم کے 80 طلبہ اور بابا فرید شوگر ملز کے 20 کارکنوں کو فائر سیفٹی اور ابتدائی طبی امداد سے متعلق عملی تربیت فراہم کی گئی۔ تربیتی سیشنز کا مقصد شرکا کو ہنگامی حالات میں فوری امدادی اقدامات کرنے کے قابل بنانا ہے، تاکہ کسی حادثے کی صورت میں جانی و مالی نقصان کو کم کیا جا سکے۔

سول ڈیفنس آفیسر عدنان قیصر نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور فائر سیفٹی کے مقررہ معیارات پر پورا نہ اترنے والی دکانوں اور پٹرول پمپس کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور صنعتی یونٹس میں فائر سیفٹی اور ابتدائی طبی امداد کے تربیتی سیشنز بھی باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں گے، تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کی تربیت دی جا سکے۔

عدنان قیصر کے مطابق غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ اور فائر سیفٹی آلات کے بغیر پٹرول پمپس چلانا عوامی زندگیوں کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے تمام پٹرول پمپس، ایل پی جی شاپس اور تجارتی مراکز کے مالکان پر زور دیا کہ وہ فائر سیفٹی آلات کی دستیابی اور دیگر حفاظتی تقاضوں کی تکمیل یقینی بنائیں، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے