رائیونڈ کے مختلف علاقوں میں اضافی ٹرانسفارمرز اور نئی کیبلز کی تنصیب کا مطالبہ

رائیونڈ (کیو این این ورلڈ/سید قمر جعفری) مرکزی پریس کلب رائیونڈ کے وفد نے سینئر صحافی اور ڈپٹی چیئرمین مرکزی پریس کلب رائیونڈ سید قمر جعفری کی قیادت میں ایکسیئن لیسکو واپڈا رائیونڈ ڈویژن محمد علی رضا سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران رائیونڈ شہر اور گردونواح میں بجلی سے متعلق درپیش مسائل، اضافی ٹرانسفارمرز کی تنصیب، بجلی کی تاروں کی تبدیلی اور لوڈشیڈنگ کے اوقات میں نظرثانی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد میں مرکزی پریس کلب رائیونڈ کے سرپرست اعلیٰ حاجی محمد سرور گجر، چیئرمین عبدالرحمٰن رامے، صدر مہر محمد آصف، سینئر صحافی مہر لیاقت نذیر، سینئر نائب صدر ملک قیصر امین، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری کاشف طیب، سینئر صحافی ملک شاہد نوید، ایگزیکٹو ممبر اور معروف کالم نگار ظفر اقبال ظفر اور وحید عالم شامل تھے۔

ملاقات کے دوران سید قمر جعفری، مہر لیاقت نذیر، کاشف طیب اور ملک شاہد نوید سمیت وفد کے دیگر اراکین نے ایکسیئن لیسکو کو رائیونڈ شہر اور ملحقہ علاقوں میں بجلی کے مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بعض علاقوں میں بجلی کی ضروریات کے پیش نظر اضافی ٹرانسفارمرز کی تنصیب اور بجلی کی تقسیم کے نظام میں بہتری کی ضرورت ہے۔

وفد نے سینما روڈ، گلبرگ ٹاؤن، حکم رشید، نارہ کیاسک اور کمہاراں والا چوک میں اضافی ٹرانسفارمرز نصب کرنے کی درخواست کی، تاکہ ان علاقوں میں بجلی کی فراہمی سے متعلق مسائل پر قابو پانے میں مدد مل سکے۔ وفد نے رائیونڈ شہر کے گلی کوچوں اور بازاروں میں لٹکتی بجلی کی تاروں کی جگہ نئی تاریں بچھانے کا مطالبہ بھی کیا، تاکہ بجلی کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنانے کے ساتھ شہریوں کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔

اس موقع پر ایکسیئن لیسکو واپڈا رائیونڈ ڈویژن محمد علی رضا نے ڈویژن کے ہیڈ ڈرافٹس مین جاوید اقبال کو ہدایت کی کہ رائیونڈ شہر اور ملحقہ علاقوں میں فور کور کیبل بچھانے کے معاملے پر ضروری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے وفد کی جانب سے نشاندہی کی گئی دیگر شکایات کو بھی نوٹ کرنے کی ہدایت کی، تاکہ متعلقہ مسائل کے حل کے لیے کارروائی کی جا سکے۔

ملاقات کے دوران سینئر صحافی مہر لیاقت نذیر نے تبلیغی مرکز فیڈر پر رات 9 سے 10 بجے کے دوران ہونے والی لوڈشیڈنگ کے اوقات تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اس حوالے سے ایکسیئن لیسکو کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ مذکورہ وقت میں بجلی کی بندش کے معاملے پر نظرثانی کی جائے۔

ایکسیئن لیسکو واپڈا رائیونڈ ڈویژن محمد علی رضا نے مرکزی پریس کلب رائیونڈ کے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ان کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل کے حل کے لیے جلد اقدامات کیے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے