دیپالپور: واٹر اسٹوریج منصوبوں کا معائنہ، کام تیز کرنے کی ہدایت

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے دیپالپور میں زیر تعمیر واٹر اسٹوریج ٹینکس اور پی ڈی پی کے بیوٹیفکیشن منصوبوں کا معائنہ کرتے ہوئے کام کی رفتار تیز کرنے کے احکامات جاری کیے۔

انہوں نے شہر میں بارشی پانی کے مستقل نکاس کے لیے بنائے جانے والے انڈر گراؤنڈ واٹر اسٹوریج ٹینک، روڈ کے اطراف واٹر ٹینکس اور دیگر خوبصورتی کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر فیصل شہزاد چیمہ سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے جاری ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر نے منصوبوں کے معیار پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام میں اعلیٰ معیار کا مٹیریل استعمال کیا جائے تاکہ یہ منصوبے طویل عرصے تک عوامی فلاح کے لیے کارآمد رہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کسی قسم کی کوتاہی یا ناقص مٹیریل کے استعمال پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ برسات کے موسم میں شہریوں کو پانی کے نکاس کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ زیر تعمیر ٹینکس کی جلد تکمیل نہایت ضروری ہے تاکہ بارشی پانی کے بروقت انخلا سے انفراسٹرکچر کو نقصان سے بچایا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق شہروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے مثالی گاؤں وینڈلا جاگیر میں جاری ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیا اور انہیں جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے