ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ / بیوروچیف احسان اللہ ایاز ) صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے ننکانہ صاحب کا دورہ کیا اور بابا گورونانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں گوردوارہ جنم استھان کے مرکزی نئے گیٹ کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب رعنا حمید، ڈی پی او ارسلان زاہد، سکھ برادری کے نمائندوں اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ کی زیرِ نگرانی گوردوارہ جنم استھان میں بابا گورونانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب رعنا حمید، متروکہ وقف املاک بورڈ اور متعلقہ محکموں کے افسران نے صوبائی وزیر کو تقریبات کے انتظامات، سیکیورٹی، رہائش، کھانے پینے اور دیگر سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ بابا گورونانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے سکھ سنگتیں پاکستان آ رہی ہیں۔ کینیڈا، امریکہ، برطانیہ، یورپ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سمیت مختلف ممالک سے سکھ یاتری پاکستان پہنچیں گے۔ حکومت پاکستان نے سکھ یاتریوں کے پرتپاک استقبال اور بہترین میزبانی کے لیے جامع انتظامات کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سکھ یاتریوں کی سیکیورٹی، قیام و طعام، لنگر، صحت کی سہولیات اور سفری انتظامات سمیت تمام ضروری امور کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ پاکستان آنے والے سکھ یاتری ہمارے لیے انتہائی قابل احترام اور ہمارے سر کا تاج ہیں، ان کی بہترین دیکھ بھال اور مہمان نوازی ہماری ذمہ داری ہے۔ سکھ یاتری نہ صرف ننکانہ صاحب بلکہ پاکستان میں موجود دیگر مقدس گوردواروں کی بھی یاترا کریں گے۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر 1947 سے بند متعدد تاریخی گوردواروں کی بحالی کا کام بھی جاری ہے، تاکہ سکھ برادری کو اپنے مذہبی مقامات پر عبادات اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
بھارت سے سکھ یاتریوں کی آمد کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے بتایا کہ 2025 میں بیساکھی کی تقریبات کے موقع پر بھارت سے 6 ہزار 700 سکھ یاتریوں نے پاکستان آنے کے لیے ویزوں کی درخواستیں جمع کروائی تھیں، جن میں سے 5 ہزار 800 یاتری پاکستان آئے تھے۔ اس مرتبہ بھارت سے 8 ہزار سے 10 ہزار سکھ یاتریوں کی آمد کی خواہش ظاہر کی گئی ہے، تاہم بھارتی حکومت کے طے شدہ پروٹوکول کے تحت تقریباً 3 ہزار سکھ یاتریوں کو پاکستان آنے کی اجازت ملنے کا امکان ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی جانب سے دنیا بھر سے آنے والے تمام سکھ یاتریوں کا خیرمقدم ہے اور ان کی میزبانی، سہولت اور حفاظت کے لیے مکمل تیاریاں کی گئی ہیں۔
سردار رمیش سنگھ اروڑہ کا کہنا تھا کہ بابا گورونانک دیو جی کی دھرتی ہمیشہ امن، محبت، رواداری اور انسانیت کا پیغام دیتی رہی ہے۔ بابا گورونانک دیو جی کی تعلیمات کا بنیادی فلسفہ ’’سربت دا بھلا‘‘ یعنی پوری انسانیت کی بھلائی ہے، جو بلا تفریق مذہب و ملت محبت، بھائی چارے اور انسان دوستی کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بابا گورونانک دیو جی کے 550ویں جنم دن کے موقع پر کرتارپور راہداری کا افتتاح سکھ برادری کے لیے پاکستان کا ایک تاریخی تحفہ تھا، جس نے مذہبی سیاحت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔
کرتارپور راہداری کی بندش کے حوالے سے صوبائی وزیر نے کہا کہ گزشتہ سال سے بھارتی جانب کی طرف سے کرتارپور راہداری بند ہے اور پاکستان متعدد مرتبہ اس معاملے پر اپنا مؤقف پیش کر چکا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بھارت مذہبی آزادی کے فروغ اور سکھ یاتریوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کرتارپور راہداری دوبارہ کھولنے کا مثبت فیصلہ کرے گا۔