لنڈی کوتل (کیو این این ورلڈ /بیوروچیف نصیب شاہ شینواری) روس میں منعقدہ بین الاقوامی مارشل آرٹس مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے لنڈی کوتل کے دو باصلاحیت کھلاڑیوں علی رحمان شینواری اور حسن علی کی وطن واپسی پر شاندار استقبال کیا گیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان اور اپنے علاقے کی نمائندگی کرکے نوجوانوں کے لیے ایک مثال قائم کی۔
انٹرنیشنل کیوکوشن کان کراٹے پاکستان کے برانچ چیف اور سینئر مارشل آرٹس کوچ حیات نذیر شینواری نے لنڈی کوتل پہنچنے پر دونوں کھلاڑیوں کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے پر مبارک باد پیش کی۔
اس موقع پر حیات نذیر شینواری نے کھلاڑیوں کی کارکردگی، روس میں منعقدہ بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت اور مارشل آرٹس کے فروغ کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لنڈی کوتل کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں۔ انہیں مناسب سرپرستی، جدید تربیت اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علی رحمان شینواری اور حسن علی کی بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت اور پاکستان کی نمائندگی علاقے کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ان کی یہ کامیابی نہ صرف لنڈی کوتل بلکہ پورے ضلع خیبر کے نوجوانوں کے لیے باعثِ فخر اور حوصلہ افزائی ہے۔
حیات نذیر شینواری نے اس امید کا اظہار کیا کہ نوجوان کھلاڑی مستقبل میں بھی اپنی محنت اور صلاحیتوں کے ذریعے پاکستان کے لیے مزید اعزازات حاصل کریں گے اور مارشل آرٹس کے میدان میں ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔