عالمی یومِ صحافت: پی یو جے تقریب میں احسان اللہ ایاز کو اعزاز

ننکانہ صاحب(کیو این این ورلڈ) عالمی یومِ آزادی صحافت کے موقع پر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی یو جے) کے زیر اہتمام ضلع کونسل ہال ننکانہ صاحب میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کیو این این ورلڈ کے نامہ نگار احسان اللہ ایاز کو صحافتی خدمات کے اعتراف میں “بیسٹ نامہ نگار آف دی ایئر” ایوارڈ سے نوازا گیا۔

تقریب میں صحافتی، سماجی اور قانونی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ننکانہ صاحب پریس کلب کے صدر افضل حق، جنرل سیکرٹری آصف بھٹی، سینئر صحافی سمیع اللہ عثمانی، عرفان رشید بھٹی، شیخ آصف اقبال سمیت دیگر صحافیوں نے احسان اللہ ایاز کو ایوارڈ ملنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے جس میں سچ کو دیانتداری اور امانت کے ساتھ عوام تک پہنچانا سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سچ لکھنے والے صحافیوں کو اپنے پیشہ ورانہ سفر میں دھمکیوں، مقدمات اور دیگر مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، مگر حقیقی صحافی وہی ہوتا ہے جو ہر حال میں حق اور سچ کا ساتھ دے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ صحافی معاشرے کا آئینہ دار ہوتا ہے جو اپنے قلم کے ذریعے سچ اور جھوٹ میں فرق واضح کرتا اور ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرتا ہے۔ ایک ایماندار صحافی قوم کا قیمتی سرمایہ ہوتا ہے، جبکہ صحافت کی کمزوری پورے معاشرے کو متاثر کرتی ہے اور مظلوم طبقہ انصاف سے محروم رہ جاتا ہے۔

انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ صحافیوں کی حوصلہ افزائی کریں اور اپنے مسائل کی نشاندہی کریں تاکہ انہیں اجاگر کر کے حل کی راہ ہموار کی جا سکے۔

تقریب کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی بار علی ناصر قادری، شاہین اقبال غیور، حبیب احمد، راؤ توقیر الاسلام اور ڈاکٹر شاہنواز قادری نے احسان اللہ ایاز کو “بیسٹ نامہ نگار آف دی ایئر” ایوارڈ پیش کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے