اوکاڑہ:( کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایات پر ضلع اوکاڑہ میں ناپ تول کے پیمانوں اور آلات کی جانچ کے لیے خصوصی چیکنگ مہم جاری ہے۔
اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز، پرائسز، ویٹ اینڈ میئرز خالد جاوید بھٹی نے مارکیٹوں، کمرشل مراکز اور پٹرول پمپس کا دورہ کیا اور مختلف مقامات پر استعمال ہونے والے وزن کے پیمانوں اور ناپ تول کے آلات کا تفصیلی معائنہ کیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز خالد جاوید بھٹی نے کہا کہ ناپ تول میں کمی یا دھوکہ دہی ایک سنگین جرم اور اخلاقی برائی ہے جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام دکاندار اور پٹرول پمپ مالکان مقررہ اصولوں کے مطابق درست پیمانے استعمال کریں۔
انہوں نے کہا کہ غیر معیاری یا کم وزن تولنے والے آلات استعمال کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
خالد جاوید بھٹی نے فیلڈ ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر متحرک رہیں اور پیمانوں کی باقاعدہ تصدیق کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی دھوکہ دہی سے بچایا جا سکے۔