تنظیم المدارس ضلع دادو کے تحت تقریب؛ حفاظ کو دینی تعلیم کے ساتھ کمپیوٹر علوم سیکھنے کی ترغیب

میہڑ (کیو این این ورلڈ/منظور علی جوئیہ کی رپورٹ) تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان ضلع دادو کے زیرِ اہتمام میہڑ میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں 36 حفاظِ کرام میں اسنادِ حفظ القرآن تقسیم کی گئیں۔ اس بابرکت تقریب میں ضلع کے مختلف مدارس نے بھرپور شرکت کی، جن میں مفتی احمد ذہین مگسی کا مدرسہ اکبریہ دارالقرآن، مولانا یاسین اشرفی کا مدرسہ دارالعلوم نگاہِ اشرفیہ اور سائیں پٹہان خان مہیسر کا مدرسہ غفاریہ شامل تھے۔

تقریب کے خصوصی مہمان میہڑ کی معروف سماجی و علمی شخصیت ڈاکٹر محمد خان شیخ تھے۔ انہوں نے حفاظِ کرام سے خطاب کرتے ہوئے انہیں دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ کمپیوٹر اور عصری علوم کے حصول کی بھی ترغیب دی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کے دور میں دینی و دنیاوی علوم کا امتزاج وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے حفاظ اور علماء کرام کی عظمت و شان پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قرآنِ کریم کے حافظ اللہ تعالیٰ کی خاص نعمت اور امتِ مسلمہ کا قیمتی سرمایہ ہیں۔

تقریب میں شریک معزز مہمانانِ گرامی میں مولانا مفتی احمد ذہین مگسی، مولانا شکیل چنہ، سید فہیم شاہ رضوی، مولانا سعید کنبہر، حافظ عابد کنبہر اور مولانا ندیم غفاری شامل تھے، جبکہ تقریب کی نگرانی اور انتظامات کے فرائض کوآرڈینیٹر تنظیم المدارس ضلع دادو مولانا یاسین اشرفی نے انجام دیے۔ آخر میں حفاظِ کرام میں اسناد تقسیم کی گئیں اور ان کی دینی خدمات کو سراہتے ہوئے روشن مستقبل اور ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے