فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں اور وژن کی وجہ سے یہ مشترکہ وژن حقیقت کی شکل اختیار کر گیا

اسلام آباد(کیو این این ورلڈ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کو تینوں ممالک کے مفاد میں قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ خطے کی سیکیورٹی اور استحکام کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کے حوالے سے اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ معاہدے پر دستخط کرنا ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ تینوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو ایک نئے اور مضبوط فریم ورک میں لانا ایک اہم پیش رفت ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں اور وژن کی وجہ سے یہ مشترکہ وژن حقیقت کی شکل اختیار کر گیا۔ انہوں نے اس موقع پر دعا کی کہ یہ معاہدہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے عوام کے لیے مزید خوشحالی کا باعث بنے اور تمام مسلم اقوام کے لیے خیر و نفع کا ذریعہ ثابت ہو۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والا یہ دفاعی معاہدہ تینوں ممالک کے مفاد میں ہے اور اس سے خطے کی سیکیورٹی اور استحکام کو مزید تقویت ملے گی۔ ان کے مطابق مشترکہ دفاعی تعاون تینوں ممالک کے درمیان پہلے سے موجود برادرانہ، تاریخی اور اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ دارانہ سفارتی اور دفاعی پالیسی جاری رکھے گا اور برادر ممالک کے ساتھ تعاون کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ نے مکہ مکرمہ میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت تینوں ممالک نے اتفاق کیا ہے کہ کسی ایک رکن ملک پر مسلح حملہ تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ معاہدے کا بنیادی مقصد اجتماعی دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانا، دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کو مزید مستحکم کرنا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے