بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 10 دہشتگرد ہلاک، کیپٹن حمزہ اکرم شہید

راولپنڈی، پشاور(کیو این این ورلڈ) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں خفیہ اطلاعات پر کارروائیاں کرتے ہوئے 10 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے 27 سالہ کیپٹن حمزہ اکرم شہید ہوگئے۔ سکیورٹی فورسز نے کارروائیوں کے دوران متعدد دہشتگردوں کو زخمی اور مشتبہ افراد کو حراست میں لینے کے علاوہ بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کرلیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا، جس کے دوران فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 7 دہشتگرد مارے گئے۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک مسجد میں پناہ لینے کی کوشش کی اور مسجد کی حرمت کو پامال کرتے ہوئے اسے اپنی پناہ گاہ کے طور پر استعمال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی، تاہم آپریشن کے دوران جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے کیپٹن حمزہ اکرم نے غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کیا اور وطن کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کیا۔ شہید کیپٹن حمزہ اکرم کی عمر 27 سال تھی اور ان کا تعلق ضلع نارووال سے تھا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگرد سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں پر دہشتگرد حملوں میں ملوث رہے تھے۔ دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ علاقے میں مزید دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

دوسری جانب سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں جاری آپریشن رَدُّ الفتنہ 3 کے دوران کمبیلہ اور عاصم آباد کے علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 3 دہشتگرد ہلاک کیے گئے، جبکہ 2 دہشتگردوں کی لاشیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے کمبیلہ اور عاصم آباد میں سرچ اینڈ سینیٹائزیشن آپریشن کے دوران 68 مربع کلومیٹر علاقے کو کلیئر کرلیا۔ کارروائی میں 4 دہشتگرد زخمی بھی ہوئے، جن میں دہشتگرد سرغنہ شوکت ماما بھی شامل ہے، جبکہ آپریشن کے دوران 12 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران دہشتگردوں کی متعدد پناہ گاہیں بھی ختم کردیں اور علاقے سے فتنۃ الہندوستان کے جھنڈے ہٹا دیے گئے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن رَدُّ الفتنہ 3 پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہنگو میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے دوران شہید ہونے والے کیپٹن حمزہ اکرم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید افسر نے بہادری، جرات اور فرض شناسی کی مثال قائم کرتے ہوئے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور وطن کے دفاع میں اپنی جان قربان کردی۔

وزیراعظم نے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک فتنۃ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ ملک و قوم کے دفاع، امن اور سلامتی کے لیے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کیپٹن حمزہ اکرم شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہید کی قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع میں جان قربان کرنے والے بہادر جوان قوم کے ہیرو ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے