ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ کے لیے وفاق کا خیبرپختونخوا سے تعاون بڑھانے کا اعلان

پشاور (کیو این این ورلڈ)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے صوبے میں ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ، نوجوانوں کو جدید آئی ٹی مہارتوں کی فراہمی اور ڈیجیٹل ماسٹر پلان پر عمل درآمد کے لیے وفاقی و صوبائی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے خیبرپختونخوا میں آئی ٹی کے شعبے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

گورنر ہاؤس پشاور میں ڈیجیٹل ماسٹر پلان اور نیشنل ڈیجیٹل کمیشن سے متعلق اجلاس گورنر فیصل کریم کنڈی اور وفاقی وزیر شزہ فاطمہ خواجہ کی مشترکہ صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مشیر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی عثمان سیف اللہ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر فخر عالم عرفان، سیکرٹری سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی نثار احمد سمیت متعلقہ وفاقی اور صوبائی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے شرکاء کو ڈیجیٹل نیشن پاکستان اور نیشنل ڈیجیٹل ماسٹر پلان کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل ڈیجیٹل کمیشن میں چاروں صوبوں کو نمائندگی دی گئی ہے، جبکہ وفاقی حکومت کے زیرِ انتظام ملک بھر میں 500 ڈیجیٹل پلیٹ فارمز فعال ہیں۔ ان میں سے 150 پلیٹ فارمز خیبرپختونخوا میں کام کر رہے ہیں۔

اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن وقت کی اہم ضرورت ہے اور پاکستان کی نوجوان آبادی میں خیبرپختونخوا کا حصہ نمایاں ہے۔ نوجوانوں کی صلاحیتوں اور توانائیوں کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے انہیں جدید آئی ٹی مہارتوں سے آراستہ کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ نوجوانوں اور خواتین کو جدید ٹیکنالوجی کی تربیت فراہم کرکے معاشی طور پر خودمختار بنایا جائے۔ وفاقی حکومت کے آئی ٹی تربیتی پروگراموں میں خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو بھی بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں۔ اس مقصد کے لیے وفاقی حکومت کے تعاون سے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے اور صوبائی محکمہ آئی ٹی کا وفاقی وزارت آئی ٹی کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔

گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے ڈیجیٹلائزیشن کے شعبے میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ وفاقی حکومت کے تعاون سے صوبے میں مزید آئی ٹی پارکس قائم کرنے کی خواہش ہے تاکہ نوجوانوں، بالخصوص خواتین کو جدید تربیت فراہم کرکے بااختیار بنایا جا سکے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کی ترقی اور انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ صوبے نے دہشت گردی سے سیاحت کی جانب سفر شروع کیا ہے اور حکومت خیبرپختونخوا کا مثبت تشخص اجاگر کرنا چاہتی ہے۔ وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر صوبے اور ملک کی ترقی کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے خیبرپختونخوا میں آئی ٹی کے شعبے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے صوبائی حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل سکلز پروگرام کے تحت خیبرپختونخوا کے 8 لاکھ نوجوانوں کو تربیت فراہم کی جا چکی ہے۔ نوجوانوں اور خواتین کو مزید بااختیار بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ وہ گھر بیٹھے آن لائن روزگار کے مواقع حاصل کرکے باعزت آمدن کما سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے