غوث پور میں شادی کی تقریب میدانِ جنگ بن گئی، ڈانسر پر نوٹ نچھاور کرنے کا تنازع، متعدد افراد زخمی

اوچ شریف (کیو این این ورلڈ، نامہ نگار حبیب خان)تحصیل احمد پور شرقیہ، اوچ شریف اور گردونواح میں شادی بیاہ کی تقریبات کے نام پر ڈانس پارٹیوں اور رقص و سرود کی محفلوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز اور تصاویر میں باقاعدہ اسٹیج سجا کر ڈانسرز کے رقص، شرکاء کی جانب سے سرعام نوٹ نچھاور کرنے اور بڑی تعداد میں لوگوں کی موجودگی کے مناظر سامنے آنے کے بعد انتظامیہ کی نگرانی اور قانون پر عملدرآمد کے حوالے سے سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

شہری حلقوں کے مطابق شادی کی خوشیوں کے نام پر بعض تقریبات میں ڈانس پارٹیوں، نوٹوں کی نمائش اور ہلڑ بازی کے واقعات دیکھنے میں آ رہے ہیں، جس سے معمولی نوعیت کے تنازعات بھی لڑائی جھگڑوں اور تصادم کی شکل اختیار کر رہے ہیں۔

ایسا ہی ایک واقعہ تھانہ صدر احمد پور شرقیہ کی حدود موضع غوث پور میں پیش آیا، جہاں شادی کی تقریب کے دوران ڈانسر کے رقص پر نوٹ نچھاور کرنے کے معاملے پر جھگڑا ہوگیا۔ واقعے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ تاہم زخمیوں کی تعداد، شناخت اور واقعے کی مکمل تفصیلات کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

اس صورتحال نے متعلقہ پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے ایسے اجتماعات کی نگرانی اور قانونی تقاضوں پر عملدرآمد کے حوالے سے کئی سوالات پیدا کر دیے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر شادی کی تقریبات میں قانون و ضابطے کی خلاف ورزی ہو رہی ہے تو متعلقہ اداروں کو بروقت کارروائی کرنی چاہیے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

عوامی و سماجی حلقوں نے ڈی پی او بہاولپور، ایس ڈی پی او احمد پور شرقیہ اور اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز اور تصاویر کا نوٹس لے کر ان کے مقام اور قانونی حیثیت کی تصدیق کی جائے۔ موضع غوث پور میں پیش آنے والے تصادم کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور خلاف ورزی ثابت ہونے پر تقریب کے منتظمین سمیت ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ شادی بیاہ کی تقریبات خوشیوں اور باہمی مسرت کا موقع ہوتی ہیں، انہیں قانون شکنی اور ہنگامہ آرائی کا ذریعہ نہیں بننا چاہیے۔ انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ محض نوٹس لینے تک محدود رہنے کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ قانون کی عملداری یقینی بنائی جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے